نیلو فر بختیار کے لئے تمغہ شجاعت
مصنف : پاکستانی :: بتاریخ 13 Apr 2007
لگتا ہے ہماری تحریر چوہدری شجاعت کے دل پر اثر کر گئی ہے، جبھی تو انہوں نے نیلو فر بختیار پر اتنا غصہ نکالنے کے بعد آج اپنے ایک نئے بیان میں فرمایا ہے کہ ‘نیلو فر بختیار کے کوچ نے تو پدرانہ شفقت سے گلے لگایا تھا‘۔ چوہدری صاحب کے اس بیان کے بعد تو نیلو فر بختیار پھولے نہیں سما رہیں، انہوں نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ ‘خدمت خلق کے لئے تو میں اس سے آگے بھی بہت کچھ کر سکتی ہوں، میں نے زلزلہ متاثریں کے لئے اپنی جان خطرے میں ڈال کر چھلانگ لگائی تھی‘۔
نیلو فر بختیار کے اس کارنامے کے بعد سے ہی ہمیں اندازہ ہو گیا تھا کہ محترمہ بہت آگے تک جائیں گی، اب انہوں نے خود ہی اس کی تصدیق کر دی ہے کہ وہ اس سے آگے بھی بہت کچھ کر سکتی ہیں۔ ہم تو ان کے لئے دعا ہی کر سکتے ہیں کہ انہیں خدمت خلق کی زیادہ سے زیادہ توفیق ہو اور وہ ہر کونے کھدرے سے چھلانگیں لگاتی پھریں۔ تاکہ زلزلہ متاثریں کو کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل ہو۔
اب جب چوہدری صاحب نیلو فر بختیار کے کارنامے کو ‘پدرانہ شفقت‘ کا نام دے کر تسلیم کر ہی چکے ہیں تو انہیں چاہیں کہ وہ نیلو فر بختیار کے اس کارنامے پر انہیں ‘تمغہ شجاعت‘ بھی دلوا دیں، کیونکہ انہوں نے سچ میں بڑی بہادری اور ہمت کا مظاہرہ کیا ہے اور وہ مزید اس سے بھی بڑے کارنامے انجام دینے کا عزم رکھتی ہیں۔







